لاہور (شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ، مصنفہ اور میزبان میرا سیٹھی کا کہنا ہے کہ شادی اور طلاق میرا فیصلہ تھا، کسی اور کو اس کا قصور وار نہیں ٹھہراتی۔حال ہی میں میرا سیٹھی نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی طلاق سے حاصل ہونے والے اسباق اور شادی کے فیصلے پر کھل کر گفتگو کی۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ طلاق سے میں نے سب سے پہلے یہ سیکھا کہ ہمیشہ اپنی گٹ فیلنگ پر انحصار نہ کریں اور کسی بھی شخص کے لیے اپنی شخصیت تبدیل نہ کریں، چاہے وہ آپ کا شوہر ہو، دوست ہو، باس ہو یا کوئی اور ہو۔اداکارہ نے کہا کہ لوگ اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ آپ ان کے مطابق خود کو بدل لیں لیکن یہ اچھی بات نہیں، یہی دو سب سے بڑے سبق ہیں جو میں نے سیکھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے اس تجربے سے بہت کچھ سیکھا، بہت ترقی کی اور پہلے سے زیادہ بالغ نظر ہو گئی ہوں، اب میں اس بارے میں کھل کر بات کر سکتی ہوں کیونکہ میری طلاق کو کئی سال گزر چکے ہیں اور میں اس مرحلے سے آگے بڑھ چکی ہوں۔ اس فیصلے کی ذمے دار میں خود ہوں، میں کسی اور کو اس کا قصور وار نہیں ٹھہراتی۔