نوازشریف

سیاسی مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے،نوازشریف

مری (نیوز ڈیسک )حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، ن لیگ نے ہمیشہ مخالفین سے اچھا سلوک کیا۔مری میں مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارک باد دیتا ہوں، آزاد کشمیر کو زیادہ سے زیادہ فنڈز دینے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے اچھے امیدواروں کی شکست کے عوامل کو بھی دیکھنا ہوگا۔نواز شریف نے مزید کہا کہ انتخابات کے 2 مرحلوں میں ن لیگ کو کامیابی ملی، عوام نے ایک بار پھر ن لیگ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اگر ن لیگ نے ڈلیور نہیں کیا تو یہاں کے لوگ ناراض ہوں گے۔

ا نہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سڑکیں اور ہسپتا ل بننے چاہئیں، اے جے کے کا بچہ بھی چاہتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہو، ملک آگے بڑھ رہا ہے، شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ جس طرح پنجاب بدل رہا ہے اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی بدلنا چاہیے، اب عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ امید نہیں تھی کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے کوئی شکایت کا موقع ملے گا، آزاد کشمیر میں پی پی پی کا وزیراعظم تھا۔نواز شریف نے کہا کہ کچھ شکایات ہم تک پہنچیں جس کا مجھے افسوس ہوا، ماضی میں آزاد کشمیر کی حکومت عوامی امنگوں پر پوری نہ اتر سکی، یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جو پہلی مرتبہ یہ ماحول بنا ہے ہم سب کے لیے باعث پریشانی ہے، یہ اس لیے ہوا ہے کہ پچھلی حکومتوں نے اپنا فرض ادا نہیں کیا، جس طرح پنجاب کو بدلا اسی طرح آزاد کشمیرکو بھی بدلیں گے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ریاست میں پیپلزپارٹی کی حکومت تھی، امید نہیں تھی کہ پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی شکایت کا موقع ملے گا، آزاد کشمیرمیں پیپلزپارٹی کا وزیراعظم تھا، ہم نے ہمیشہ مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے، سیاسی مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، آزادکشمیرکا ماحول ہمیشہ اچھا رہا ہے، اس کے اندر اس طرح کے جراثیم داخل ہوجائیں تو اچھی بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن کے پہلے 2 مرحلوں میں ہمیں اکثریت مل چکی ہے، امیر مقام ایسے انتخابی مہم چلا رہے تھے جیسے ان کا اپنا الیکشن ہو، ہمیں حوصلہ نہیں ہارنا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک آگے کی طرف بڑھ رہا ہے، ہم بہت جلد مسائل پر قابو پا لیں گے، ہم نے اہنے منشور پر 100 فیصد عمل کرنا ہے،آزادکشمیر پہاڑی علاقہ ہے یہاں ہیلی کاپٹر ہونا ضروری ہے، شہباز شریف آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر دیں، جب میں وزیراعظم تھا تو ڈالر 100 روپے کا تھا، اس کے بعد ڈالرکہاں سے کہاں چلا گیا، ایک حکومت نے جو نعرے لگائے تھے وہ سارے کے سارے بے کا رگئے،کسی نعرے پرعمل نہیں ہوا، تنقید میں نہیں جانا چاہتا لیکن پاکستان کا حال جو نعرے لگانے والی حکومت میں ہوا ایسا حال پاکستان کا کبھی نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی شہباز شریف تمام معاملات کو ٹھیک کر رہے ہیں، جب شہباز شریف نے حکومت سنبھالی تو حالات بہت خراب تھے، آج حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں اورکوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان کو اپنے پاﺅں پرکھڑا کیا جائے، کوشش کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کیا جائے اور پاکستان اقتصادی طورپرخودمختار ملک بن جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں