اسلام آباد(کورٹ نیوز)سپریم کورٹ نے غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے خلاف دائر اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔
جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت پرویز الہی کے وکیل عامر سعید راں نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے میں ایک اہم قانونی سوال موجود ہے۔
اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئیے کہ کیا یہ اپیل غیر موثر نہیں ہو چکی؟ انہوں نے کہا کہ آپ ایک غیر موثر معاملے پر محض علمی (اکیڈمک)بحث کرنا چاہتے ہیں۔وکیل عامر سعید راں نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الہی کی ضمانت کے خلاف حکومت کی اپیل بھی خارج ہو چکی ہے، اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئیے کہ اپیل واپس لے کر متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔بعد ازاں پرویز الہی کی قانونی ٹیم نے جسمانی ریمانڈ سے متعلق اپیل واپس لے لی، جس پر سپریم کورٹ نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔