چودھری پرویز الہی

سپریم کورٹ نے چودھری پرویز الہی کی ضمانت منسوخی کی اپیل نمٹا دی

اسلام آباد(کورٹ نیوز )سپریم کورٹ نے حکومت پنجاب کی جانب سے سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست نمٹا دی، جبکہ محمد خان بھٹی کی ضمانت منسوخی کی اپیل بھی خارج کر دی۔

مرکزی صدر پی ٹی آئی و سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالہی پنجاب میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں سماعت کے دوران پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان نے اب تک 18 مرتبہ التوا حاصل کیا ہے اور ٹرائل میں پیش نہیں ہو رہے۔اس پر چیف جسٹس یحیی آفریدی نے استفسار کیا کہ ملزمان ٹرائل کورٹ میں کیوں پیش نہیں ہو رہے، ملزمان کے وکیل علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوشن کے دعوے حقائق کے برعکس ہیں، پرویز الہی ایک سال جیل میں رہے، جبکہ اب تک نہ چارج فریم ہوا ہے اور نہ ہی کوئی شواہد پیش کئے گئے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ شواہد پیش کرنا پراسیکیوشن کی ذمہ داری ہے، تاہم عدالت میں ملزمان کی حاضری لازمی ہے اور قانون سے غلط فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ اگر ملزمان ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہوتے تو متعلقہ عدالت ان کی ضمانت خارج کرنے کا اختیار رکھتی ہے، عدالتِ عظمی نے ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی کہ وہ دو ہفتوں کے اندر کیس کی سماعت کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں