سلمان خان

سلمان خان نے کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ہونیوالے طلبا احتجاج کی حمایت کردی

ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ہونے والے طلبا کے احتجاج کی حمایت میں سامنے آگئے۔ایکس پر جاری بیان میں سلمان خان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت پرامن تحریک تھی لیکن یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا کہ یہ پرتشدد رخ اختیار کرگئی، جن طلبا اور ان کے اہلخانہ کو اس دوران نقصان پہنچا، ان کے لیے میرا دل دکھی ہے۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ پیپر لیک کا معاملہ انتہائی سنگین مسئلہ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ہمارے ملک کے طلبا ایک بہتر تعلیمی نظام کے لیے متحد ہو کر سامنے آئے ہیں، اس سے بھی زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ ان کے والدین نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔سلمان خان نے کہا کہ میں طلبا کے موقف اور جدوجہد کو دل سے سراہتا ہوں، انہوں نے اپنی لگن، خلوص اور محنت سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دل لگا کر پڑھنا چاہتے ہیں، اپنا مستقبل روشن بنانا چاہتے ہیں۔

یہ احتجاج اور یہ تحریک بالکل درست سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے اور طلبا نے اسے نہایت پرامن انداز میں آگے بڑھایا۔ ان کی ہمت، بہادری، عزم اور تعلیم کے لیے جذبہ واقعی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں امید اور دعا کرتا ہوں کہ اس معاملے کا مثبت حل نکلے، خدا ان تمام طلبا کو کامیاب کرے جو علم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں