کراچی(نیوز ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح کے سفارتی محاذ پر پاکستان کی تاریخی پذیرائی دشمن سے ہضم نہیں ہورہی۔
جاری بیان کے مطابق کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر بزدلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے حملہ آور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسزکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
ترجمان بلاول ہا ﺅ س کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداکے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بزدلانہ فعل سےواضح ہوا کہ عالمی سطح کے سفارتی محاذ پر پاکستان کی تاریخی پذیرائی دشمن سے ہضم نہیں ہورہی، پاکستانی قوم اپنے وطن کی حفاظت اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے پرعزم ہے۔