اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن عمل کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات کام کیا، سفارتی محاذ پر پاکستان سرخرو ہوا ہے، آج سے پہلے بھی اگر پنڈی اور اسلام آباد میں اتنا تعاون ہوتا تو پاکستان کو کئی بین الاقوامی اعزاز مل چکے ہوتے،3سال سے پاکستان کی کامیابی کی کوششوں کاسب سے بڑا پھل اللہ تعالی نے آج عطا کیا ہے، جلد فلسطین کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔قومی اسمبلی اجلاس کے آغاز پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے امریکہ ایران امن معاہدہ طے پانے پر پاکستان کی پسِ پردہ کامیاب ترین سفارتکاری پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کو دنیا کے اعلی ترین اعزاز نوبل امن انعام کا حقدار قرار دیا ۔ سپیکر ایاز صادق نے اس سفارتی کامیابی کو عالمی تاریخ کا سب سے بڑا معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا جتنا بھی شکر ادا کریں وہ کم ہے کہ یہ تاریخی اور عظیم الشان اعزاز پاکستان کے حصے میں آیا ہے، میں اس عظیم سفارتی فتح پر پاکستان کے غیور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے مخلصانہ اور پسِ پردہ کلیدی کردار کی وجہ سے ہی شاید دنیا میں تیسری جنگِ عظیم ہونے سے رک گئی ہے، ورنہ مشرقِ وسطی کی آگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی، اگر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ذاتی طور پر اس معاملے میں دلچسپی نہ لیتے اور اپنا بھرپور سیاسی و سفارتی کردار ادا نہ کرتے، تو امریکہ اور ایران کے درمیان یہ ناممکن جنگ بندی اور اسلام آباد اکارڈ کبھی بھی ممکن نہ ہو پاتا۔ ایاز صادق نے عسکری قیادت کو بھی زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ میں اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی ان کی دور اندیشی، مضبوط دفاعی حکمتِ عملی اور پسِ پردہ کامیاب ترین فوجی سفارت کاری پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے مذاکراتی عمل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے اس امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا۔ ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی کاوشیں رنگ لائیں، امن عمل میں کوشش کرنے والے تمام رہنماﺅ ں کو سلام پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک محنت کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، نائب وزیر اعظم، وزیر داخلہ کی کاوشوں کو بھی سراہتا ہوں۔اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم تاریخ ساز لمحات میں سے گزر رہے ہیں، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے امن عمل کو کامیاب بنانے میں دن رات کام کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے تعاون نے ایک مشکل مرحلہ پایا تکمیل تک پہنچایا، 78 سالہ تاریخ میں آج پاکستان کو ایک منفرد مقام حاصل ہوا، سفارتی محاذ پر یہ جنگ امن کیلئے تھی جس میں پاکستان سرخروہوا، معرکہ حق میں اللہ تعالی نے ہمیں فتح یاب کیا، امریکی لیڈرشپ کا بھی شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا 3سال سے پاکستان کی کامیابی کی کوششوں کاسب سے بڑا پھل اللہ تعالی نے آج عطا کیا ہے، آج سے پہلے بھی اگر پنڈی اور اسلام آباد میں اتنا تعاون ہوتا تو کئی بین الاقوامی اعزاز مل چکے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی بھائیوں کومبارکباد دیتا ہوں، ایرانی قیادت نے بہت مشکل حالات میں ایرانی قوم کی بہترین نمائندگی کی، ایران کے ساتھ جو دہائیوں سے ناانصافیاں ہو رہی تھیں وہ اب ختم ہوں گی۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سوا سال میں جو کامیابیاں ملی ہیں اس پر اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں، اگر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی قوم متحد ہو تو اس میں بھی فتح ملے گی، سب کو سوچنا چاہیے کہ یہ 25 کروڑ عوام کی جنگ ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہاکہ مختلف سیاسی اختلافات کو زندہ رکھنا، حل کرنا بھی ضروری ہے، سفارتی محاذ پر جو فتح ملی اس سے سبق بھی سیکھنا چاہیے، آئیے ہم سب فلسطین کے لیے اور کشمیر کے لیے بھی متحد ہو کر کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دو نہیں فلسطین کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا، غزہ کے عوام کو بھی حق ملے گا۔