نیویارک(نیوز ڈیسک )پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ روس یوکرین کے تنازع کے خاتمے کےلئے فوری جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کوبحال کیا جائے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے اور سفیر عثمان جدون نے یوکرین کے معاملے پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مثبت پیشرفت نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے یہ تنازع مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔پاکستانی سفیر نے زوردیا کہ جنگ کی وجہ سے عام شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ رہا ہے، یوکرین تنازع کے حل کے لیے کشیدگی میں فوری کمی اور تعمیری سفارت کاری کی جائے۔
پاکستان یوکرین تنازع کے پرامن حل کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور ہر اس کوشش کی حمایت کرتا ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور تمام فریقین کے جائز قومی سلامتی کے مفادات کو مدنظر رکھے۔
دوسری جانبپاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ میں منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب ہوئے نفرت انگیز تقاریر کے تدارک کیلئے یو این اقدامات پر مکمل عملدرآمد پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا بعض معاشروں میں امتیازی سلوک اور محرومی کو مزید گہرا کر رہا ہے۔عاصم افتخار نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر سماجی ہم آہنگی اور عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں، اسلاموفوبیا کے انسداد کیلئے یو این مجوزہ لائحہ عمل کو جلد حتمی شکل دی جائے۔