پشاور(نیوز ڈیسک )وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ میں مداخلت نا قابل قبول ہے،جی بی میں عوامی رائے کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔
گلگت بلتستان انتخابات پر ردعمل دیتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات میں عوام نے بانی پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ نتائج تبدیل کرنے سے نظریات تبدیل نہیں ہوتے، اور طاقت کے استعمال سے عوامی فیصلے نہیں بدلے جا سکتے۔وزیراعلی کے پی نے مزید کہا کہ بانی اور پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر ختم کرنے کی کوششیں ناکام رہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے موقف واضح کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام ہی سیاسی استحکام کی ضمانت ہے جب کہ جمہوری عمل کی شفافیت پر سوالات تشویشناک ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی عوام کے بڑے مسائل ہیں۔ ریاستی اداروں کو عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں پالیسیوں پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔
فیصلہ ساز ملکی استحکام اور عوامی توقعات کو مدنظر رکھیں۔ پاکستان کو اس وقت سیاسی کشیدگی نہیں بلکہ قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی رائے کو دبانے کے بجائے اسے تسلیم کیا جانا چاہیے، کیونکہ عوام کے فیصلوں کا احترام ہی جمہوریت کا بنیادی اصول ہے۔ پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے جمہوری اقدار کو مضبوط بنانا ہوگا۔ گلگت بلتستان انتخابات سے متعلق تحفظات دور کیے جائیں۔