راولپنڈی(کورٹ نیوز ) جی ایچ کیو حملہ کیس کے سزا یافتہ مجرم کا شورٹی بانڈ جعلی نکل آیا، جس پر اے ٹی سی عدالت نے فراڈ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے عدالت کے ساتھ دھوکہ دہی اور فراڈ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لے لیا۔جی ایچ کیو حملہ کیس کے سزا یافتہ اشتہاری مجرم کا شورٹی بانڈ جعلی نکلنے پر عدالت نے ضامن کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے معزز جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کے بعد ریمارکس دیے کہ عدالت کے ساتھ فراڈ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عدالت نے مجرم کے ضامن آغا عمار الحق کے خلاف تھانہ سول لائن میں فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔مجرم کے ضامن آغا عمار الحق نے ضمانت کےلئے شورٹی بانڈ کے طور پر چک جلال الدین کی اراضی کا جو فرد جمع کرایا تھا، وہ سرکاری ریکارڈ کی پڑتال کے دوران مکمل طور پر جعلی اور بوگس ثابت ہوا۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق، جی ایچ کیو حملہ کیس کا مرکزی مجرم چوہدری آصف علی دورانِ ٹرائل عدالت سے مسلسل غیر حاضر پایا گیا۔
عدالت عدم موجودگی پر مجرم چوہدری آصف علی کو پہلے ہی قانون کے مطابق اشتہاری قرار دے کر 10 سال قید کی سزا سنا چکی ہے، اور وہ اس وقت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مفرور ہے۔جج امجد علی شاہ نے سخت عدالتی کارروائی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مجرم چوہدری آصف علی سمیت مقدمے میں ملوث دیگر 12 اشتہاری ملزمان کے ضمانتی مچلکے بھی فوری طور پر ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اشتہاریوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف قانون کے مطابق گھیرا تنگ کیا جائے۔