اقوام متحدہ

جموں و کشمیر کی حیثیت پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی قانونی حیثیت تبدیل نہیں ہوئی، اقوام متحدہ

نیویارک(انٹرنیشنل نیوز)اقوام متحدہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے حوالے سے عالمی ادارے کا موقف تبدیل نہیں ہوا اور تنازع کا حتمی حل اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، شملہ معاہدے اور انسانی حقوق کے مکمل احترام کے مطابق پرامن ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔

ان خیالات کااظہار اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان عزیز حق نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کیا ۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال اور 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر کے بارے میں ہمارا موقف تبدیل نہیں ہوا۔ کسی ملک کی جانب سے یکطرفہ طور پر اقدامات سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں منظور قراردادیں متاثر نہیں ہوتیں۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کا موقف اقوام متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت طے ہوتا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 1972 کے شملہ معاہدے کو بھی یاد دلاتے ہیں، جو پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم معاہدہ ہے۔ فرحان حق نے کہا کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل میں 1949 میں منظور قراردادوں کی حیثیت ہمیشہ کی طرح قائم ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں