اسلام آباد،لاہور(نیوز ڈیسک) ملک بھر میں یومِ آزادی کی تیاریاں بھرپورانداز میں جاری ہیں ۔ہرطرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے ، جھنڈیوں اور برقی قمقموں نے بازاروں، شاہراہوں اور اہم مقامات کی رونقیں بڑھا دیں ۔ بازاروں میں سبز و سفید جھنڈیاں اور بیجز شہریوں کی توجہ کا مرکز ہیں، بچوں کیلئے سبز و سفید لباس، قومی پرچم سے مزین اشیا اور گاڑیوں کی سجاوٹ کے سامان کی خریداری بھی زور وشور سے جاری ہے۔
لاہور سے اسلام آباد اور خیبر پختونخوا تک مختلف علاقوں میں سرکاری تقریبات، پرچم کشائی، ثقافتی سرگرمیوں اور دیگر پروگراموں کی تیاریاں جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں، بالخصوص لاہور میں 14 اگست کی تقریبات کو بھرپور انداز میں منانے کیلئے انتظامات کی ہدایت کی ہے۔خیبرپختونخوا میں رواں سال یومِ آزادی کے موقع پر بڑے پیمانے پر شجرکاری کا منصوبہ بھی سامنے آیا ہے، جس کے تحت صوبے میں 14 لاکھ پودے لگانے کی تیاری کی گئی ہے۔