اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قطر پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کےلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کردیا گیا ہے۔
ان خیالات کااظہار وزیراعظم نے قطر کے تعمیر گروپ کے بانی محمد حسین آل علی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا، پاکستان کے سیاحت، ہوٹلنگ و ہاسپیٹیلٹی اور رئیل اسٹیٹ و تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدات کی کہ گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سہولت و معاونت فراہم کی جائے۔
تعمیر گروپ کے بانی نے گروپ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور جاری منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعمیر گروپ پاکستان میں ہاسپیٹیلٹی و ہوٹلز اور رئیل اسٹیٹ و تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس حوالے سے کئی منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔محمد حسین آل علی نے پاکستان میں گروپ کی جانب سے سرمایہ کاری میں اضافے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
قطر کے تعمیر گروپ کے بانی محمد حسین آل علی نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی ترقی اور کاروبار و بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان میں وزیراعظم کی قیادت میں حکومت ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے مثبت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔