دفتر خارجہ

بھارتی وزیر دفاع کے بیانات اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ، کسی بھی بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانے کےلئے پوری طرح پرعزم ہیں،پاکستان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی وزیر دفاع کے بیانات کو اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی بھارتی مہم جوئی کو ناکام بنانےکےلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ مسئلہ کشمیر سے متعلق حقائق مسخ کرنے کی کوشش ہے، مسئلہ کشمیر بدستور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی بیانات علاقائی اورعالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی دانستہ پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں، بھارت اشتعال انگیزبیانات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر اپنے مسلسل قبضے سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت خطے میں دہشتگردی کی سرپرستی اور اپنے داخلی عدم استحکام سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت جارحیت اور اشتعال انگیزی کی بیان بازی کرتے ہوئے پاکستان کے عزم کو کمزور نہ سمجھے، پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے گزشتہ سال آپریشن بنیان المرصوص میں اپنے عزم کاعملی مظاہرہ کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ بھارت کے مسلسل غیرذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے، بھارت کوکشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں