لاہور(سپورٹس نیوز ) فاسٹ بولر حسن علی بولنگ پر بھارت میں تشدد کی افواہوں پر ان کی اہلیہ نے تردید کردی۔ بھارتی سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر حالیہ ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ حسن علی کو بھارت میں ٹرین میں جیب تراشی کرتے ہوئے پکڑے جانے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔تاہم ویڈیو میں نظر آنے والا شخص ایک مختلف نوجوان ہے، جس کی شکل حسن علی سے بامشکل ہی مشابہت رکھتی ہے۔
وائرل ویڈیو پر ردِعمل دیتے ہوئے حسن علی کی اہلیہ سامیہ خان نے کہا کہ ہم گزشتہ 3 برس سے بھارت نہیں گئے، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے الیکٹرانک، سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کو کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل اس کی تصدیق ضرور کرنی چاہیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے سامیہ خان نے لکھا کہ بس دکھ صرف اس بات کا ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کتنے معصوم ہیں جو کسی بھی جھوٹی خبر پر یقین کر کے اسے آگے پھیلا دیتے ہیں۔بھارت گئے ہوئے 3 سال ہو گئے، لگتا ہے لوگ ہمیں وہاں بہت یاد کر رہے ہیں، بس بلانے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر متعدد پاکستانی صارفین نے بھارتی میڈیا اور بعض سوشل میڈیا صفحات کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔