اسلام آباد (نیوز ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بچوں سے مشقت کے خلاف عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کا تحفظ اور تعلیم ریاست کی آئینی ذمے داری ہے، ہر بچے کو محفوظ بچپن اور تعلیم کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 11 بچوں سے جبری مشقت اور استحصال کی ممانعت کرتا ہے، آرٹیکل 25- اے تمام بچوں کے لیے مفت اور لازمی تعلیم کی ضمانت دیتا ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا ہے کہ بچوں سے مشقت ان کے مستقبل اور تعلیم دونوں کو متاثر کرتی ہے، وفاقی اور صوبائی سطح پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے قوانین کے موثر نفاذ کی ضرورت ہے، استحصال کا شکار بچوں کو تعلیم اور محفوظ ماحول کی طرف واپس لانا ہو گا۔
آصف زرداری نے کہا کہ والدین، اساتذہ اور مذہبی رہنما بچوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں، سول سوسائٹی اور آجرین بچوں کو تعلیم سے محروم نہ ہونے دیں، بچوں کا استحصال کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے ناقابلِ قبول ہے، قومیں اپنے بچوں کے ساتھ سلوک سے پہچانی جاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ہر بچے کو سیکھنے اور آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہیے، بچوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری روشن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اجتماعی قومی کوششیں ناگزیر ہیں۔صدرِ مملکت نے کہا کہ ہر بچہ اسکول میں ہو، یہی ہماری مشترکہ ذمے داری ہے، بچوں کے حقوق کا تحفظ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے، آئیں مل کر بچوں سے مشقت کے خاتمے اور تعلیم کے فروغ کو یقینی بنائیں۔