واشنگٹن (انٹرنیشنل نیوز) دنیا کے معروف ارب پتی کاروباری شخصیت اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے جیفری ایپسٹین سے ذاتی تعلقات کی تردید کر دی۔ بل گیٹس نے امریکی کانگریس کی ایک کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرا بدنامِ زمانہ مالیاتی شخصیت جیفری ایپسٹین کے ساتھ کبھی ذاتی تعلق نہیں رہا اور میں نے اس سے اس وقت رابطے ختم کر دیے تھے جب وہ میرے فلاحی منصوبوں کے لیے فنڈنگ کے وعدے پورے نہ کر سکا۔
بل گیٹس نے واشنگٹن میں ایوانِ نمائندگان کی نگراں کمیٹی (House Oversight Committee) کے بند کمرہ اجلاس میں رضاکارانہ طور پر شرکت کی، جہاں جیفری ایپسٹین کے اثر و رسوخ اور طاقتور شخصیات سے روابط کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔اپنے ابتدائی بیان میں بل گیٹس نے کہا کہ میں نے کبھی ایپسٹین کو کسی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث نہیں دیکھا اور نہ ہی مجھے اس کی غیر قانونی سرگرمیوں کا علم تھا۔انہوں نے کہا کہ میں کبھی اس کے جزیرے، فارم یا فلوریڈا کے گھر نہیں گیا، میں نے کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچایا، اگرچہ ایپسٹین ذاتی تعلق قائم کرنا چاہتا تھا، لیکن میری اس میں کوئی دلچسپی نہیں تھی اور میں نے کبھی اس کا جواب نہیں دیا۔بل گیٹس نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ایپسٹین کے جرائم سے متاثرہ افراد کو انصاف ملے گا۔
بل گیٹس نے اعتراف کیا کہ ایپسٹین سے ملاقات کرنا میری غلطی تھی اور میں ان بہت سے لوگوں میں شامل ہوں جو اس شخص کو جاننے پر افسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایپسٹین میری ذاتی اور ازدواجی زندگی سے متعلق معلومات استعمال کر کے مجھ پر دوبارہ تعلقات بحال کرنے کے لیے دبا ڈالنے کی کوشش کرتا تھا، اس نے میرے بارے میں کئی بے بنیاد اور متنازع دعوے بھی کیے۔
بل گیٹس کے مطابق میری ایپسٹین سے ملاقاتوں کا آغاز 2011 میں ہوا تھا، دونوں کے درمیان عالمی صحت کے منصوبوں کے لیے ممکنہ فنڈنگ پر گفتگو ہوتی رہی، تاہم 2014 میں جب ایپسٹین کی جانب سے متعارف کروائے گئے ممکنہ عطیہ دہندگان نے کوئی عملی دلچسپی ظاہر نہ کی تو میں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ایپسٹین اپنے وعدے پورے نہیں کرے گا، اسی وقت میں نے ایپسٹین سے تمام رابطے اور ملاقاتیں ختم کر دی تھیں۔واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین 2019 میں جیل میں مردہ پایا گیا تھا جبکہ اس کی قریبی ساتھی اس وقت 20 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہے۔