ویب ڈیسک – 21 مئی 2025
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران مشرقی وسطی بحیرۂ عرب میں ایک نیا موسمی نظام ابھر سکتا ہے، جو کم دباؤ کے علاقے کی صورت اختیار کرے گا۔
محکمہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی کرناٹک اور گوا کے ساحلی علاقوں سے دور موجود سائیکلونک گردش بحیرہ عرب تک پھیل چکی ہے۔ یہی نظام مشرقی بحیرہ عرب میں کم دباؤ کی شکل اختیار کرنے کے لیے حالات سازگار کر رہا ہے۔
مزید کہا گیا کہ اس موسمی سسٹم کے آئندہ 36 گھنٹوں میں شدت اختیار کرنے اور شمالی سمت میں پیش رفت کا امکان ہے، جو آئندہ دنوں میں مزید موسمی تبدیلیوں کا باعث بن سکتا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ کراچی میں قائم سائیکلون وارننگ سینٹر اس ممکنہ موسمی نظام پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے قبل بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔