دوحہ(انٹرنیشنل نیوز)دوحہ میں امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ تکنیکی مذاکرات جاری ہیں، جہاں اہم علاقائی اور اقتصادی معاملات پر پیش رفت سامنے آئی ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ان مذاکرات میں پاکستان اور قطر ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
مذاکراتی سیشنز میں دونوں ممالک کے نمائندوں اور ماہرین پر مشتمل ٹیمیں شریک ہیں۔رائٹرز کے مطابق دوحہ میں ایران، قطر اور پاکستان کے درمیان بھی ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران معاہدے کے مختلف پہلوں اور اب تک ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ایرانی سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ دوحہ میں جاری امریکا ایران بالواسطہ مذاکرات میں تہران کے منجمد اثاثوں اور آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ دونوں فریق حساس علاقائی اور اقتصادی معاملات پر بھی بات چیت کر رہے ہیں۔
ادھر عرب میڈیا العربیہ نے دعوی کیا ہے کہ دوحہ مذاکرات میں ایران کو 3 ارب ڈالر جاری کرنے پر ابتدائی اتفاق ہو گیا ہے۔ یہ معاملہ دوحہ میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے بالواسطہ مذاکرات میں طے پایا۔العربیہ کے مطابق عمان کے نئے منصوبے کے تحت آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر بھی بات چیت جاری ہے، جبکہ مذاکراتی وفود عمانی تجویز پر مزید مشاورت کے لیے اپنے اپنے ممالک واپس جائیں گے۔