لاہور(سپورٹس نیوز) قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے انکشاف کیا ہے کہ اوٹس گبسن نے مجھے شروع سے ہی مکمل آزادی دی۔ ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں 2 مختلف کوچز اوٹس گبسن اور مائیک ہیسن کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں گفتگوکرتے ہوئے بابر اعظم نے بتایا کہ جب اوٹس گبسن سے میری پہلی ملاقات ہوئی تو انہوں نے مجھ سے واضح طور پر یہ کہا کہ میرا کوئی خاص مطالبہ نہیں ہے، آپ اپنے روایتی انداز میں کھیلیں، مجھے آپ سے اور کچھ نہیں چاہیے، بس کرکٹ سے لطف اندوز ہوں۔
بابر اعظم نے کہا ہے کہ اوٹس گبسن نے مجھے کبھی بھی کسی خاص انداز میں کھیلنے یا مخصوص شاٹس کھیلنے کے لئے نہیں کہا بلکہ ہمیشہ خود صورتِ حال کو سمجھنے کا کہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زندگی میں آپ کو مختلف لوگوں سے مختلف قسم کے مشورے ملیں گے، لیکن یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ ان مشوروں پر کیسا ردِعمل دیتے ہیں۔ بابر اعظم نے مائیک ہیسن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تھوڑا منظم انداز تھا، وہ آپ کو اعتماد دیتے ہیں لیکن یہ بھی واضح طور پر بتاتے ہیں کہ وہ کسی خاص پوزیشن پر آپ سے کیا توقع رکھتے ہیں۔
انہوں نے چوتھی پوزیشن پر بیٹنگ کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مختلف پوزیشنز پر کھیلنے کے لیے مختلف حکمتِ عملی کی ضرورت ہوتی ہے اور ایک کے بعد دوسری حکمتِ عملی کو اپنانے میں وقت لگتا ہے، ہر حکمتِ عملی کو فوری طور پر بہتر انداز میں اپنانے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ بابر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ہر نئے کردار میں خود ڈھلنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، لیکن آج کل لوگ ایک یا دو دن میں فوری نتائج کی توقع رکھتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہر چیز میں وقت لگتا ہے۔