اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ امریکا سے تعاون مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں، تجارت، زراعت، آئی ٹی اور توانائی میں تعاون بڑھائیں گے۔امریکی کانگریس کے وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان کے کلیدی کردار پر وزیراعظم کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں میں ریان زنکے اور نمائندہ مائیکل بومگارٹنر شامل تھے۔ امریکی وفد نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستانی قیادت کے ساتھ بہترین تعلقات کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔اس کے علاوہ امریکی وفد نے علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان کے کلیدی کردار پر وزیراعظم شہباز شریف کو سراہا۔ وزیراعظم نے امریکی وفد کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ کی تقریب کے دوران کہا کہ امریکی کانگریس ارکان کا دورہ پاک امریکا مضبوط تعلقات کی جانب خوش آئند قدم ہے۔شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کےلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ڈونلڈ ٹرمپ کی پاک بھارت جنگ بندی کے لیے جرات مندانہ اور فیصلہ کن مداخلت کا ذکر بھی کیا۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود کی ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم کو یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں میں پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کےلئے بہترین تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا انتظام اولین ترجیح ہے، نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے وسائل بروئے کار لا رہی ہے، ہنر مند افرادی قوت معیشت، صنعت اور معاشرتی تنوع میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔شہبازشریف نے روزگار کیلئے جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان ہماری قوم کے تابندہ مستقبل کے ضامن ہیں۔