بشکیک(انٹرنیشنل نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی پاکستان کےلئے بڑا سکیورٹی چیلنج ہے، کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے افغان سرزمین سے سرگرم ہیں۔کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطاب میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی سلور جوبلی پوری تنظیم کیلئے باعث فخر ہے، کرغزستان نےاجلاس کی بہترین میزبانی کی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایس سی او اب معیشت، ثقافت اور امن کا جامع فورم بن چکی ہے، ایس سی او خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دے رہی ہے، شنگھائی اسپرٹ باہمی اعتماد، مشترکہ ترقی و تعمیری سفارتکاری کی بنیاد ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، افغان سرزمین سے دہشت گردی پاکستان کے لئے بڑا سکیورٹی چیلنج ہے، کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے افغان سرزمین سے سرگرم ہیں۔ دریں اثنا نائب وزیرا عظم اسحاق ڈار کی ایس سی او رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ کرغز صدر سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے صدر اور وزیرِ اعظم کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، اور ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے دوران پرتپاک مہمان نوازی پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 202627 کےلئے شنگھائی تعاون تنظیم کی چیئرمین شپ سنبھالنے کی تیاری کے تناظر میں رکن ممالک کے درمیان مسلسل تعاون نہایت اہم ہے۔