اسلام آبادہائیکورٹ

اسلام آبادہائیکورٹ ‘ نیو بلیو ایریا میں داخلہ فیس وصولی پر ایم سی آئی ایڈمنسٹریٹر ذاتی حیثیت میں طلب

اسلام آباد (کورٹ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیو بلیو ایریا میں داخلے پر فیس وصول کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایم سی آئی ایڈمنسٹریٹر کو پیر کے روز ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ایڈووکیٹ محمد طیب کی درخواست پر سماعت کی۔دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ فیس کس قانون کے تحت چارج کی جا رہی ہے؟عدالت نے سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اور ایم سی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیو بلیو ایریا میں کمرشل مارکیٹس، کارپوریٹ ہیڈ کوارٹرز اور ریسٹورنٹس واقع ہیں جبکہ ایم سی آئی سروس روڈ استعمال کرنے پر 100 روپے فیس وصول کر رہی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ پارکنگ فیس نہیں بلکہ سروس روڈ استعمال کرنے والے ہر شخص سے فیس لی جا رہی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق ایم سی آئی اس فیس کے بدلے کوئی سہولت یا سروس فراہم نہیں کر رہی اور نیو بلیو ایریا میں داخلے کے لیے فیس وصول کرنا اعلیٰ عدالتی فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایم سی آئی کے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں