اسلام آباد(کورٹ نیوز ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاﺅ نڈ کیس کی اپیلوں سے متعلق کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا کو دلائل دینے کےلئے 20 مئی تک آخری مہلت دے دی گئی ۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے تحریری حکم جاری کر دیا۔
حکم نامے کے مطابق وکیل سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے ہدایات لینے کےلئے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی، تاہم نیب نے اس درخواست کی مخالفت کی۔عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ گزشتہ سماعت کے دوران تمام فریقین کو حاضری یقینی بنانے اور اپیلوں پر دلائل دینے کی ہدایت کی گئی تھی، لیکن آج کی سماعت میں دلائل دینے کے بجائے کمزور وجوہات کی بنیاد پر التوا کی درخواست دائر کی گئی۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ مرکزی اپیلیں سلمان صفدر کی جانب سے ہی دائر کی گئی تھیں، لہذا کیس کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر وکیل کو ایک آخری اور حتمی مہلت دی جا رہی ہے۔حکمنامے میں ہدایت کی گئی کہ سلمان صفدر تمام ضروری اقدامات مکمل کریں اور آئندہ سماعت، 20 مئی کو اپیلوں پر باقاعدہ دلائل دیں۔