اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے خود یا بھارت کیساتھ مل کر پاکستان کیخلاف کوئی جارحیت کی تو اسی شدت کے ساتھ جواب دیا جائیگا، پاکستان اپنے دفاع کا حق استعمال کریگا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا مجھے اس بات کا علم نہیں کہ حالیہ جنگ کے دوران اسرائیل ایران پر وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے حملہ کرنے والا تھا لیکن اسرائیل سے کچھ بھی توقع کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت، اسرائیل اور افغانستان میں پاکستان دشمنی یکساں عنصر ہے، فلسطینیوں نے جو قربانیاں دی ہیں ان کا صلہ انہیں ضرور ملے گا، دیگرممالک میں موجود یہودی اسرائیلی اقدامات کی مذمت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکہ، ایران معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی ہرممکن کوشش کررہاہے، معاہدے کی کامیابی کی صورت میں نیتن یاہو کا سیاسی کیریئر ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے بھارت دہشتگردوں کواسلحہ فراہم کررہاہے، دہشتگردی کیخلاف ہمیں کوئی نہ کوئی حتمی فیصلہ کرنا پڑے گا، دہشتگردی کے خاتمے کے ساتھ ہمیں معاشی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عناصرچاہتے ہیں کہ آزادکشمیرمیں الیکشن نہ ہوں مگر الیکشن لازمی ہونے چاہئیں، پاکستانی فوج آزادکشمیر کی حفاظت کررہی ہے، ایکشن کمیٹی کے سیاستدانوں نے کیا قربانیاں دی ہیں؟ ،مقبوضہ کشمیر کے عوام ان سے زیادہ قربانیاں دے رہے ہیں، اصل قربانیاں پاکستانیوں اورگلگت بلتستان والوں نے دی ہیں۔