اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماوں نے خطے کی تازہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے باوجود کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ تنازع میں نئی شدت نہ صرف علاقائی امن و استحکام بلکہ جاری سفارتی کوششوں کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی موجودہ صورتحال، سفارتی کوششوں اور کشیدگی میں کمی کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے باوجود خطے میں کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تنازع میں مزید شدت کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرات پیدا کر رہی ہے اور امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسحاق ڈار کو جاری سفارتی کوششوں اور اس معاملے پر سعودی عرب کے موقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کشیدگی میں کمی، تحمل کے مظاہرے اور مذاکرات کے عمل کو ہر صورت جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے تمام فریقوں سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ثالثی اور سفارتی کوششوں کی کامیابی کے لیے مناسب وقت اور سازگار ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور تمام تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے راستے پر پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے خطے کی صورتحال پر قریبی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا، تاکہ امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو مزید مو¿ثر بنایا جا سکے۔