کراچی(نیوز ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری کے ویڈیو پیغام پر پروپیگنڈا کرنے والوں اور کراچی پر تنقید کرنے والوں کو میئر کراچی مرتضی وہاب نے کرارا جواب دے دیا۔
میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ آصف زرداری وہ شخصیت ہیں جب ملک مشکل ادوار سے گزر رہا تھا انہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، آصف زرداری نے سی پیک کو معرض وجود میں لانے کے لیے چینی دوستوں کے ساتھ اشتراک کر کے اہم منصوبے کا حصہ بنایا۔مرتضی وہاب نے کہا کہ سب کہتے ہیں سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر ہے، جو فیصلے کیے جاتے ہیں اس کے اثرات آنے والی نسلوں کو ملتے ہیں۔میئر کراچی نے کہا کہ کراچی سے متعلق منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے اور کراچی کا لاہور سے موازنہ کیا جاتا ہے، کراچی وہ شہر ہے جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے لوگ روزگار کے حصول کے لئے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں لاہور سے تعلق رکھنے والے بہت دوست رہتے ہیں، ایک زمانے میں کراچی دنیا کا پانچواں خطرناک شہر ہوتا تھا، صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بدولت اب یہاں کوئی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا واقعہ نہیں ہوتا۔مرتضی وہاب نے کہا کہ پاکستان کا پہلا انڈسٹری واٹر پارک کراچی شہر میں ہماری حکومت ہماری قیادت بنا رہی ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی یو ٹی میں پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے لوگ آکر علاج کرواتے ہیں، بلاول بھٹو کی قیادت میں بہتری کا سفر جاری و ساری رہے گا۔