اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 6 لاکھ مہاجرین کے حقوق کو ختم نہیں کیا جاسکتا، مانیٹرنگ کمیٹی بھی بنائی گئی کہ نکات پر کس حد تک کام ہورہا ہے،مظاہرین کے 38 میں سے 35 نکات مانے گئے تھے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے مطالبات غیر منصفانہ ہیں، جو مطالبات ہیں اس کے تانے بانے کہیں اور ملتے نظر آرہے ہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ بااختیار کمیٹی وہاں گئی، تمام چیزیں سیٹل ہونے کے باوجود دھمکایا جارہا ہے، احتجاج کی دھمکیاں نہیں دینی چاہیے، یہ دوسرے ملک کی پالیسی کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ واضح نظر آرہا ہے کہ مظاہرین معاملہ حل ہوتے دیکھنا نہیں چاہتے، ان کے تانے بانے ہمسائے ملک سے مل رہے ہیں انہی کی پالیسی آگے بڑھائی جارہی ہے۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ مطالبات ماننے کے باوجود احتجاج کرنے کے کوئی اور ہی مقاصد ہیں۔