رانا ثنا اللہ

آزاد کشمیر الیکشن مکمل شفاف، غیر جانبدار دار ہوا، رانا ثنا اللہ

اسلا م آباد(نیوز ڈیسک )مشیر وزیراعظم سینیٹررانا ثنااللہ نے کا ہے کہ آزاد کشمیر میں الیکشن مکمل طور پر شفاف غیر جانبدار دار ہوا، کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہیں۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجنئیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پہلے مرحلے کے الیکشن کا انعقاد ہوا، تیرہ سیٹوں پر حق رائے دہی استعمال کیا گیا،نتائج کے مطابق ابھی تک تیرہ میں سے نو نشستیں ن لیگ نے جیتی ہیں۔

چار سیٹوں پر پیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے۔مشیر وزیر اعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ کامیاب ہونیوالے امیدوار آزاد کشمیر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کردار ادا کرینگے،ووٹرز کے ٹرن آﺅٹ پہلے کم اور بعد میں زیادہ ہونے کی اطلاعات بھی میڈیا نے دیں،بڑی محنت اور عزم کے ساتھ الیکشن کرایا گیا۔رانا ثنااللہ کا مزید کہنا تھا کہ نکیال میں ایک خاندانی سیاسی جھگڑے میں تصادم ہوا، ایک جاں بحق اور کچھ لوگ زخمی ہوئے،اس واقعہ کے علاوہ کوئی پرتشدد واقعہ نہیں ہوا۔ایل اے چھ میں ڈالوں پر لوگوں کو لے جا کر بیلٹ بکس چھیننے اور جلانے کی کوشش کی گئی،پولیس نے کارروائی کی، مقدمہ درج کیا، گرفتاریاں کیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں، یہ کامیابی صرف مسلم لیگ ن نہیں بلکہ ریاستی اداروں کی بھی کامیابی ہے۔مشکل حالات کے باوجود آزاد کشمیر میں انتخابات کا پرامن انعقاد خوش آئند ہے،کشمیری عوام نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا۔امیر مقام نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ کئی حلقوں میں ووٹر ٹرن آٹ 40 سے 60 فیصد تک رہا، نواز شریف کی قیادت پر عوام نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا،میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ ن کی شاندار کامیابی عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔کامیابی کا سہرا پارٹی قیادت، کارکنوں اور انتخابی مہم چلانے والی ٹیم کو جاتا ہے،رانا ثنا اللہ کی قیادت میں ایک سال تک منظم انداز میں انتخابی مہم چلائی گئی،پارٹی کے اندر اختلافات ختم کر کے متحد ہو کر الیکشن لڑا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بہترین ٹیم ورک کے باعث مسلم لیگ ن نے نمایاں کامیابی حاصل کی،شفاف انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن کا کردار قابل تعریف ہے،امن و امان برقرار رکھنے پر سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے آزاد اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا، انتخابی نتائج نواز شریف کی قیادت پر عوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہیں،عوام نے ترقی، استحکام اور مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کے حق میں فیصلہ دیا۔ریاست کے اندر رہنے والے عوام نے بھی مسلم لیگ ن کے حق میں واضح فیصلہ دیا،عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے،آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت اور ترقی کا سفر مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں