وزیراعظم

آبادی میں اضافے کے پیش نظر ہاﺅسنگ سیکٹر میں اصلاحات کی ضرورت ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ہاﺅسنگ کے شعبے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے،کم آمدنی والے طبقے کے لئے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے بشمول نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہاﺅ سنگ کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔وزیر اعظم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور بے ہنگم شہری پھیلاﺅ کی وجہ سے زرعی زمین پر دباﺅ بڑھ رہا ہے، جس کے لئے مناسب حکمت عملی کی ضرورت ہے، ہاﺅ سنگ کے شعبے میں تمام معاملات کو ڈیجیٹائز اور آٹو میٹ کیا جائے گا تاکہ شفافیت کو فروغ ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہاوسنگ سیکٹر میں بیرون ملک سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے، اس سیکٹر کو ضابطہ کار کے تحت لانا ضروری ہے۔اجلاس کو ہائہسنگ سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے تجاویز پیش کی گئیں، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہاﺅسنگ کے شعبے میں شفافیت لانے کے حوالے سے معتبر سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ریگیولیٹری فریم ورک سہل کیا جائے گا۔بریفنگ میں مزیدبتایا گیا کہ ہاوسنگ اور ڈیولپمنٹ سیکٹر میں کام کرنے والوں کے لئے ایس ای سی پی، میں رجسٹریشن لازمی قرار دی جانی چاہئے، شہروں کے بے ترتیب پھیلاﺅ کو روکنے کے حوالے سے بھی حکمت عملی بنائی جائے گی۔

یہ بھی بتایا کہ بڑے شہروں میں اونچی عمارتوں اور ورٹیکل ایکسپینشن کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، بڑے شہروں کے لئے ماسٹر ٹاﺅن پلاننگ کی تجویز دی گئی، ڈویلپرز، خریداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے حقوق کی تحفظ کے حوالے سے ون ونڈو سسٹم قائم کیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے اجلاس میں پیش کردہ تجاویز کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ مشاورت کرنے کی ہدایت کر دی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر ہاسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیر زادہ، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثنا اللہ، وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، چیئرمین نیب لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد بٹ، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں