لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں بانیان پاکستان کی جدوجہد اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ ہمیں قیام پاکستان کے سنہری اغراض و مقاصد کی یاد دہانی کراتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ ہمیں قیام پاکستان کے سنہری اغراض و مقاصد کی یاد دہانی کراتا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان قائم ہوا اور تا قیامت شاد وآباد رہے گا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا منفرد اعزاز بھی عطا کیا، یوم پاکستان پر پاک سر زمین کے تقدس اور حفاظت کے تقاضوں کے عہد کا اعادہ کیا جانا چاہیے۔
مریم نواز نے کہاکہ یوم پاکستان پر اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں کو بھی دہرانا اوریاد رکھنا چاہیے، پاکستان ہم سب کے لیے اللہ تعالی کی عطا کردہ نعمت غیرمترقبہ ہے، یوم پاکستان پر غربت میں کمی، عدم مساوات اور معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں، یوم پاکستان ہمیں حصول پاکستان کی بھرپور جدوجہد کے آغاز کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج عہد کریں کہ یوم پا کستان پر وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔