لاہور ( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کو کسی بھی غیر آئینی اقدام سے باز رہنا چاہیے،کے پی اور پنجاب اسمبلی الگ الگ نہیں بلکہ دونوں بیک وقت تحلیل کریں گے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسپیکر کی رولنگ کے بعد اعتماد کا ووٹ نہیں کیا جا سکتا، گورنر پنجاب کو کسی بھی غیر آئینی اقدام سے باز رہنا چاہئے۔فواد چوہدری نے کہا کہ آرٹیکل 109 بالکل واضح ہے، جب تک اجلاس ختم نہ ہو نیا اجلاس نہیں بلایا جا سکتا، اس لئے گورنر پنجاب کسی بھی ایڈونچر سے باز رہیں، یہ گورنر راج کس قانون کے تحت لگائیں گے، یہ نہیں لگ سکتا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی اوراسمبلیوں کی تحلیل کا کام جمعہ سے شروع ہو جائے گا، عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی،
کے پی اور پنجاب اسمبلی الگ الگ نہیں بلکہ دونوں بیک وقت تحلیل کریں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ایک ہی مقصد ہے، الیکشن سے بھاگنا، انہوں نے ووٹ کو عزت دو سے الیکشن سے بھاگو کا سفر تیزی سے طے کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الٰہی وزیر اعلی ہیں اور رہیں گے، (ق) لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ابھی پیش رفت ہو رہی ہے۔
٭٭٭٭٭