لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور کی احتساب عدالت نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں دو ہفتوں تک توسیع کر دی۔
ہفتہ کے روز احتساب عدالت میں سلیمان شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز نے احتساب عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی ۔ عدالت نے تفتیشی وکیل سے استفسار کیا کہ 15دن آپ کیا کرتے رہے؟، تفتیشی افسر نے کہا کہ سلیمان شہباز کل ایف آئی اے پیش ہوئے اور انہوںنے سوالنامے کا جواب دیا۔عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے نوٹس کب دیا ؟
ابھی تک تفتیش مکمل نہیں کی، ایف آئی اے تفتیشی افسر نے کہا کہ ہمیں دو ہفتوں کا وقت دیا جائے اس میں بہت سی چیزیں ہیں۔پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے استدعا کی کہ تھورا وقت مل جائے تو بہتر ہوگا، بعدازاں عدالت نے سیلمان شہباز کی ضمانت میں دو ہفتوں تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کر کے رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔