ریاض(انٹرنیشنل نیوز)سعودی عرب کے ریاض کے شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر میں عالمی سطح پر پہلا مصنوعی ہارٹ پمپ امپلانٹیشن کے آپریشن میں کامیابی حاصل کرلی۔
سعودع خبررساں ادارے کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 35سالہ مریض جس کے دل نے خون کو پمپ کرنا بند کردیا تھا کو 120دن ہسپتال میں رکھا گیا اس دوران مریض کو بیرونی امدادی آلات کے ذریعے علاج کی فراہمی جاری رکھی گئی تاکہ اس کے طبی ٹیسٹ مکمل کیے جاسکیں۔
شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کے امراض قلب اور روبوٹک ٹیکنالوجی کے شعبے کی سربراہ ڈاکٹر فراس خلیل نے بتایا کہ روبوٹک سرجری کی وجہ سے اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت پیش نہیں آئی جس سے مریض کو کافی سہولت ہوئی اور صحت یابی کے عرصہ بھی روایتی آپریشن سے کم رہا۔ انہوں نے کہا کہ اوپن ہارٹ سرجری میں جس میں سینہ چاک کیا جاتا ہے عام طورپر مریض کو 63دن ہسپتال میں رکھا جاتا ہے جبکہ روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے کیے گئے آپریشن میں مریض کو 10دن میں ہسپتال سے فارغ کردیا جاتا ہے۔
ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر ماجد الفیاض نے کہا کہ یہ کامیابی عالمی سطح پر شعبہ طب میں حاصل ہونے والی پیش رفت اور جدت کے حوالے سے مملکت کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرے گی۔