لاہور (کامرس ڈیسک)حکومت پنجاب نے رمضان پیکیج کے تحت پنجاب بھر میں دیئے جانے والے فری آٹا کے اعدادو شمار جاری کر دیئے ہیں۔
جس کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے گذشتہ روز تک 10کلو آٹے کے 28لاکھ 63ہزار 8سو 48بیگ شہریوں میں فری تقسیم کئے گئے۔حکومت پنجاب کی فری آٹا سکیم کیلئے 830فلور ملز کو اب تک 53ہزار 6سو 91میٹرک ٹن گندم کا کوٹہ جاری کیاجس پر فلور ملز کی جانب سے 10کلو آٹے کے 32لاکھ 33ہزار 7سو 27تھیلے تیارکرکے مخصوص ٹرکنگ پوائنٹس اور سٹورز کو فراہم کئے گئے جو ایک شفاف نظام کے تحت مستحق شہریوں کو مفت فراہم کئے گئے۔
نظام کو شفاف بنانے کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ایک ایپ تیار کی ہے جس کے ذریعے مستحق شہریوں کا انتخاب ممکن بنایاگیا ہے۔ پنجاب بھر کے شہری 8070پر میسج کرکے اپنی اہلیت کو جانچ سکتے ہیں اور تصدیقی میسج وصول ہونے کے بعد پنجاب بھر میں قائم ہزاروں فری آٹا ڈسٹری بیوشن سینٹرز پر جاکر حکومت کی جانب سے فری آٹا کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
حکومت پنجاب نے یہ بھی فیصلہ کیاہے کہ مستحق شہریوں کو پہلے مرحلے میں 10کلو آٹے کا تھیلا مفت فراہم کیاجائے گا اور بعدازاں دوسرے اور تیسرے عشرے میں مزید 10، 10کلو کے تھیلے مفت فراہم کئے جائیں گے۔