لاہور(صفدر شاہین) پی ایچ اے سے کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،لاہور کو باغوں کا شہر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی ایچ اے کے وائس چیئرمین حافظ ذیشان رشید نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ ذیشان نے بتایا کہ گزشتہ حکومت کے دور میںپی ایچ اے میں کرپشن اپنے عروج پر تھی، ایم این ایز اور ایم پی ایز کے گھروں میں کام کرنے والے انکے ذاتی ملازمین کو تنخواہیں پی ایچ اے سے فراہم کی جا رہی تھیں اور اس طرح پی ایچ اے اور قومی خزانے کو ہر ماہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آتے ہوئے سب سے پہلے ان گھوسٹ ملازمین کو فارغ کرکے قومی خزانے کو بھاری نقصان سے بچایا۔
ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو ریگولر کرنا پی ٹی آئی حکومت کی ترجیح ہے تاکہ ان ملازمین کے سر پرلٹکی ہوئی خوف کی تلوار کا خاتمہ ہوسکے اور وہ دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔ ایک سوال پر وائس چیئرمین حافظ ذیشان نے بتایا کہ لاہور کو باغوں کا شہر بنانے کیلئے وسائل میں رہتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ لاہور شہر کے چار داخلی راستوں کو پھول اور پھلواری سے سجانے کیلئے کام جاری ہے تاکہ آنے والے شہری کو محسوس ہو کہ وہ لاہور شہر میں داخل ہو رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ میں پی ایچ اے کے دو لاکھ درخت لگائے گئے ہیں اور سفیدے کا آہستہ آہستہ خاتمہ کیا جا رہا ہے۔

آزادی مارچ کے حوالے سے ایک سوال پر حافظ ذیشان نے کہا کہ دیانتدار قیادت اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے جاری پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی باشعور عوام عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اسلام آباد پر یلغار اور دھرنا کے زور پر حکومت گرانے کا خواب دیکھنے والے اب واپسی کی راہیں ڈھونڈ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیخلاف سازش کرنے والوں کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑے گی اور حکومت کیخلاف ہر سازش ناکامی سے دو چار ہوگی۔ شکست خوردہ عناصر کواپنے مشن میں صاف ناکامی دکھائی رہے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ساتھ چلنے والوں کی شہ پر آئے بغیر ڈی چوک اور ریڈ زون میں نہ جانے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے اور سیاسی سوچ سمجھ کا عملی مظاہرہ ہے۔
وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید قلم کلب ڈاٹ کم کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئےحکومت مولانا کو فیس سیونگ کیلئے راستہ اور پورا پورا موقع فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ جب تمام اپوزیشن نے انکھیں پھیر لی ہیں تو اب مولانا بھی سمجھ گئے ہیں۔ مہنگائی کے بارے میں ایک سوال پر حافظ ذیشان نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث پی ٹی آئی حکومت کو معیشت کی بحالی کیلئے کچھ کڑے فیصلے کرنا پڑے تاہم وہ وقت دور نہیں جب عوام کو اچھا وقت دیکھنے کو ملے گا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماﺅں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ اے پارکس میں کسی کو بیاہ شادی کی تقریب کی اجازت نہیں، تاہم ریونیو میں اضافہ کیلئے معقول معاوضہ پر تقریب کی اجازت دی جاتی ہے ، تاہم اجازت کے بغیر کسی کو پارکس کو استعمال میں لانے نہیں دینگے اگر اس طرح کی کسی کارروائی میں محکمہ کا کوئی افسر یا اہلکار ملوث ہوا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔