امریکی ٹیک کمپنی آسٹرونومر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اینڈی بائرن اُس وقت سبکی کا شکار ہو گئے جب ایک مشہور میوزیکل کنسرٹ کے دوران انہیں ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ کے ساتھ قریبی لمحات میں بڑی اسکرین پر دکھایا گیا۔
یہ منظر صرف کنسرٹ تک محدود نہ رہا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا، جہاں میمز، تبصرے اور طنزیہ پوسٹس کا سیلاب آگیا۔
سابق ملازمین نے اس منظر کو خوشی سے سراہا، کیونکہ ان کے مطابق اینڈی بائرن ماضی میں ایک "زہریلے” اور "سخت گیر” باس کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی بے نقابی نے کئی سابقہ ملازمین کے چیٹ گروپس میں قہقہے بکھیر دیے۔ ایک سابق ملازم نے نیویارک پوسٹ کو بتایا:
"یہ لمحہ ہمارے لیے تفریح سے کم نہیں تھا، ہم سب ہنس رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ انصاف تو آخر ہو کر رہا!”
اینڈی بائرن اس وقت ڈیٹا انجینئرنگ کی معروف کمپنی Astronomer کے سی ای او ہیں، جو Apache Airflow جیسے اوپن سورس ٹولز کے استعمال کو سادہ اور موثر بنانے کے لیے جانی جاتی ہے۔ اگرچہ انہوں نے کمپنی کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، مگر اب ان کی شخصیت اور ذاتی طرزِ عمل پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں۔