مکوآنہ (ہیلتھ ڈیسک)پاکستان میں ہر سال ہزاروں خواتین چھاتی کے کینسر کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں، بروقت تشخیص سے 90 فیصد کینسر کے مریضوں کو بچایا جا سکتا ہے ڈاکٹر سدرہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے کہا کہ بیماری کی تشخیص اور کینسر کے مرض کی وجوہات کا پتا چلانے کیلئے مزید تحقیق ضروری ہے، اکتوبر کا مہینہ خواتین کو چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے طور پر منایا جاتا ہے، اس مہینہ کو منانے کا مقصد بچیوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے انہیں اس بیماری کی خود تشخیصی سے آگاہی دینا ہے تاکہ وہ اپنا طرز زندگی صحت مند انداز سے گزار سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، یہ مرض ابتدائی تشخیص پر قابل علاج ہے اس لئے خواتین کو ہچکچاہٹ کی بجائے فوری طور پر اس مرض کا علاج کروانے کیلئے ماہر ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہئے جس سے شرح اموات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے اور نوجوان بچیوں کو اس مہینے آگاہی دینے کا مقصد بھی یہی ہے کہ وہ دوسروں تک بہتر انداز میں اس بیماری کے بارے میں معلومات پہنچا کر انہیں اس سے بچنے کی ترغیب دیں