اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کل فیک نیوز کے ذریعے کسی کو نگران وزیر اعظم کا تاج پہنایا گیا، اسحاق ڈار کا نام پیپلز پارٹی کو پیش کیا گیا نہ ہم نے کسی نام پر اتفاق کیا ہے، جب ہمارے ساتھ نام ہی شیئر نہیں ہوا تو نام کیسے فائنل ہو گیا۔
وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ کے حوالے سے بہت قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، ہمارے ساتھ ابھی تک کوئی نام شیئر نہیں ہوا، نگران حکومت غیرجانبدار ہو تو بہتر ہے، نگران وزیر اعظم کے حوالے سے نام فائنل کی فیک خبریں ہیں، قیاس آرائیوں پر بات نہ کی جائے، ہماری طرف سے تین رکنی کمیٹی بنا دی گئی۔
شیری رحمان نے مزید کہا ہے کہ جب مشاورت ہو گی تو نام بارے بتا دیا جائے گا، نگران وزیر اعظم کی تعیناتی کا فیصلہ مشاورت سے ہو گا، بروقت الیکشن سے ہی بہتری آئے گی، ہماری توقع ہے الیکشن میں لیول پلائنگ فیلڈ ہو، سب چاہتے ہیں کہ عام انتخابات کیلئے یکساں مواقع میسر ہوں، عام آدمی کو اس وقت کمر توڑ مہنگائی کا سامنا ہے، ملک کو معاشی درپیش چیلنجز سے سب واقف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے بار بار چارٹر آف اکانومی کرنے کا کہا ہے، چارٹر آف اکانومی اس وقت اہم جزو ہے، اس وقت ملک میں سب سے کمزور سیلاب متاثرین اور خواتین ہیں، 25 جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب سے 131 اموات ہو چکی ہیں، خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی ڈکلیئرکر دی گئی ہے، جیسے ہی موسم ٹھیک ہوگا ہم چترال ضرور جائیں گے، بارشوں میں زیادہ اموات دیواریں منہدم ہونے سے ہوئیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کل دبئی میں میٹنگ کے حوالے سے خبریں چلائی گئیں، آج تک اسحاق ڈار کا نام شیئر نہیں ہوا، دبئی میں کوئی میٹنگ نہیں ہوئی، نگران وزیر اعظم کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں میں صداقت نہیں۔
وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مطالبہ ہے آئین کے مطابق بروقت الیکشن ہوں، ہم چاہتے ہیں الیکشن مردم شماری کا شکار نہ ہوں، پیپلز پارٹی الیکشن کیلئے تیار ہے، چاہتے ہیں جلد الیکشن ہوں، لوئر اور اپر چترال کے علاقے حالیہ بارشوں سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔