کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میرے اور بابر اعظم کے تعلقات بہت اچھے ہیں۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پچھلے چار پانچ سالوں میں بابر اعظم سمیت تمام پلیئرز کے ساتھ اچھا وقت گزارا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک پروفیشنل کرکٹر ہر فارمیٹ کھیلنے کے لیے تیار رہتا ہے، میری کوشش یہی ہے کہ اپنے آپ کو فٹ رکھوں اور جس فارمیٹ میں موقع ملے وہاں پرفارم کروں۔
انہوں نے کہاکہ میرا دل بہت چاہ رہا تھا ٹیپ بال کرکٹ کھیلوں مگر یہاں کی پلیئنگ کنڈیشن مختلف ہے، ہم نے سڑکوں اور سیمنٹ وکٹوں پر کرکٹ کھیلی ہے۔سابق کپتان نے کہاکہ خوشی ہے کہ کراچی سے شروع ہونے والی ٹیپ بال کرکٹ اب پوری دنیا میں پھیل چکی ہے، پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیموں کے کھیلنے سے فیسٹیول کی رونق بڑھ گئی تھی۔
انہوں نے کہاکہ یو ایس میں ہارڈ بال اور ٹیپ بال کرکٹ کا رجحان کافی حد تک بڑھ گیا ہے، مختلف لیگز کھیلی جا رہی ہیں جس میں پاکستانی کرکٹرز کا بڑی تعداد میں حصہ لینا خوش آئند ہے۔سرفراز احمد نے کیلیفورنیا کپ میں شوبز کرکٹ ٹیم کے مینٹور کے طور پر شرکت کی تھی، شوبز کرکٹ ٹیم نے ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔