اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اب بات سیاست سے آگے نکل گئی ہے اور ملک خانہ جنگی کی طرف جارہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ پنجاب میں بغیر ڈولی کے سیاسی دلہنیں آ گئی ہیں، محسن نقوی آصف زرداری کے فرنٹ مین ہیں،عوامی مسلم لیگ عدالت سے رجوع کرےگی۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ملک میں تباہی ہی تباہی ہے اور حکومت بھگوڑی ہے، ملک کو بچانے کے لیے عوام سڑکوں پر آئیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کو معلوم نہیں کہ زمین کتنی گرم ہورہی ہے، سیاست سے بات آگے نکل گئی ہے، ملک خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے۔ اپنے دورہ برطانیہ کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ برطانیہ میں لوگ پاکستانیوں کے لئے فکر مند ہیں۔