ا سلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلمانوں پر خود کش حملے کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے
اپنے بیان میں وزیر اعظم نے حوالدار محمد امیر اور عام شہری کی شہادت پر افسوس، اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہاکہ مسلمانوں پر خود کش حملے کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دہشت گرد دشمنوں کے دست و بازو ہیں جو پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کے خون کی ہر بوند کا حساب لیں گے، مجرموں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز پر اپنی جانیں نچھاور کر دیں ۔وزیر اعظم نے شہدا کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔