لاہور( کامرس ڈیسک )رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران پاکستان نے کھانے پینے کی اشیا ء کی درآمدات پر 1347 ارب روپے کے مساوی زرمبادلہ خرچ کردیا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا جنوری کے دوران کھانے پینے کی اشیا ء کی درآمدات پر 6 ارب ڈالر کی رقم خرچ ہوگئی جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیئے کے مقابلے میں 6.29 فیصد زیادہ ہے۔کھانے پینے کی اشیا ء کی درآمدات کا حجم اگر پاکستانی روپے میں دیکھا جائے تو گزشتہ سال کے مقابلے میں یہ 40 فیصد بڑھ گیا ہے۔
گزشتہ برس جولائی تا جنوری پاکستان نے 958 ارب روپے کی کھانے پینے کی اشیا درآمد کی تھیں جبکہ رواں برس اسی دورانیے کا حجم 1347 ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے۔رواں سال بھی گزشتہ سال کی طرح گندم، دودھ، کریم، چائے، خشک میوے، مصالحے، سویا بین، پام آئل اور دالیں دنیا کے مختلف ملکوں سے منگوائی گئیں۔