لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ عمر اکمل کی صلاحیتوں پر ہم سب کو بھروسہ ہے اسی لیے ہم نے ان کو ری ٹین کیا ہے۔
سرفراز احمد نے ایک انٹرویو کے دوران عمراکمل کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق کہا کہ گزشتہ برس عمر اکمل کو پی ایس ایل کے آخری میچوں میں کھیلنے کا موقع ملا اور وہ جتنا بھی کھیلے بہت زبردست کھیلے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا کہ عمر اکمل زبردست کھلاڑی ہے، اچھا اور برا وقت ہر کھلاڑی کے ساتھ چلتا رہتاہے۔
انہوں نے کہا کہ عمر اکمل کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی کارکردگی بہت اچھی تھی،امید ہے وہ پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 8 کی افتتاحی تقریب 13 فروری کو ملتان میں ہو گی۔یاد رہے کہ پی ایس ایل کے میچز کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق 13 فروری کو پہلا میچ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا۔