مریدکے( نمائندہ خصوصی) اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عمران خان کی نفرت کی سیاست نے عوام کو مایوسی اور پاکستان کو تنہائی کے علاوہ کچھ نہیں دیا ،
پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی ملک میں سیاسی استحکام اور عوام کی خوشحالی کی سیاست کو ترجیح دی ہے ،بلاول بھٹو کی کامیاب خارجہ پالیسی کے نتیجے میں دوست ممالک کی ناراضگی ختم ہوئی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ،اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان کا رخ کررہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ، چوہدری مبشر جٹ کیساتھ مریدکے میں پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار قومی اسمبلی چوہدری صابر حسین بھلہ سے انکے بھائی چوہدری اصغر بھلہ کے انتقال پر اظہار افسوس کے بعد گفتگو کرتیکیا ۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آصف علی زرداری کے سیاسی بصیرت کا آج نتیجہ ہے کہ جمہوریت مضبوط ہورہی ہے اداروں اور حکومت کے درمیان بہترین خوشگوار تعاون سے پاکستان کی خوشحالی کا سلسلہ جاری ہے اگر آصف علی زرداری کی حکمت کی سیاست اور پیپلز پارٹی کی قربانیاں نہ ہوتیں تو پاکستان میں سیاست کی تصویر کا رنگ ڈراونا ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نفرت کی سیاست نے عوام کو مایوسی اور پاکستان کو تنہائی کے علاوہ کچھ دیا تو بتایا جائے ،دوست ممالک ناراض کئے ،سی پیک بند کروادیا ۔بلاول بھٹو زرداری کی کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے دوست ممالک کی نہ صرف ناراضگی ختم ہوئی بلکہ سی پیک شروع ہوگیا، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ،اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان کا رخ کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو محترمہ بینظیر بھٹو نے شہادت قبول کرلی پاکستان کو ہمیشہ بچایا قوم جانتی ہے آج جو محفوظ ایٹمی پاکستان ہے کس کی قربانی کا ثمر ہے ،سی پیک موٹرویز کس نے بنائے ،آمریت کے تلخ دور کا مقابلہ کس نے کیا ،عوام کی خوشحالی اداروں کی مضبوطی ملک کے سیاسی استحکام کیلئے کس نے کام کیا وہ یقینا پیپلز پارٹی ہی ہے جس نے چاروں صوبوں کو محبت کی زنجیر میں پرو کر رکھا ہے ۔آج بھی پیپلز پارٹی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کی جڑھیں عوام میں اتنی مضبوط ہیں کہ عوام اور پیپلز پارٹی کے محبت کے رشتہ کو کوئی ختم نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ جب بھی الیکشن ہوں پیپلز پارٹی ہی انشااللہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے جیتے گی۔
٭٭٭٭٭