اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان جمہوریت اور پنجاب اسمبلی پر حملہ آور ہے، پی ڈی ایم عمران کی صورت میں سیاسی خود کش بمبار کو بلاسٹ ہونے سے پہلے ڈسپوز کرے گی۔
ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے موجودہ سیاسی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ریاست پر ملک دشمن جنگجو خودکش بمبار کی صورت میں حملہ آور ہیں، جمہور یت اور پنجاب اسمبلی پر عمران خان حملہ آور ہے، عمران خان آئین شکن تو ثابت ہوچکے ہیں اب جمہوریت شکن ثابت ہونے میں بازی لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین شکنی اور جمہوریت شکنی آمر اور ڈکٹیٹر کی پہچان ہے، ریاست، معیشت، سیاست اور جمہوریت کے لئے عمران خان سیاسی خود کش بمبار ثابت ہوئے، پی ڈی ایم عمران کی صورت میں سیاسی خود کش بمبار کو بلاسٹ ہونے سے پہلے ڈسپوز کرے گی۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ عمران خان کی سیاست ختم جبکہ آئین، جمہوریت، معیشت، سیاست اور جمہوریت محفوظ رہے گی، عمران خان کی انتہا پسند سیاست کا ملک متحمل نہیں ہوسکتا۔