راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لندن میں بیٹھا ایک مفرور اور عدالتی بھگوڑا عدلیہ پر حملہ آور ہو رہا ہے اور سیسلین مافیا کا عملی مظاہرہ کر رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ بھوک سے مارے لوگ راشن کیلئے جانیں دے رہے ہیں، امید ہے اس ہفتے میں عدلیہ کا آئینی اور قانونی تاریخی فیصلہ آ جائے گا، جو سپریم کورٹ کے خلاف اعلان جنگ کرے گا توساری قوم سڑکوں پر ہوگی، الیکشن ہی ملک کو افراتفری اور خون خرابے سے بچا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے فرمودات کھلم کھلا اعلان جنگ اور عوام دشمنی کے مترادف ہیں، وزیر خزانہ کے بیانات نااہلی کا اعتراف ہے، پنجاب میں 10 دن کیلئے رینجرز کا لگانا حکومت کی نیتوں کی نشاندہی کرتا ہے، حکومت کے بیانات بتاتے ہیں کہ وہ آئین اور قانون کا فیصلہ ماننے کیلئے تیار نہیں ہیں تو پھر عوام کے الیکشن کے مقابلے کیلئے تیار رہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عدالتی اصلاحات بل آئین سے متصادم ہے، ملک بندگلی میں داخل ہو چکا ہے، آنے والا ہفتہ اہم ترین ہوگا، حکومت عدلیہ پر ہرطرف سے دبا ڈال رہی ہے، عدلیہ وہی کرے گی جو آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت نے ملک کو دا پر لگا دیا ہے۔