اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمہوریہ ترکیہ کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ترکیہ کے صدر اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان شاندار دوستی عالمی مسائل پر باہمی افہام وتفہیم پر مبنی ہے اور ترکیہ کشمیر کے معاملے پر ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔
اتوار کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں صدر رجب طیب اردوان کو جمہوریہ ترکیہ کی 100 ویں سالگرہ کے پرمسرت موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 29 اکتوبر 1923 کو عظیم رہنما مصطفی کمال اتاترک کی کرشماتی قیادت میں جمہوریہ ترکیہ کا قیام عمل میں آیا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات بہت پرانے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے قیام سے قبل بھی اس خطے کے لوگوں اور ترک عوام کی عظیم دوستی تھی۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے اچھے تعلقات کا اندازہ اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ اس خطے سے روسی جنگ میں لڑنے کیلئے امدادی سامان کے ساتھ ساتھ افرادی قوت کو بھی بھیجا گیا تھا جس کا ترکی نے ہمیشہ مثبت جواب دیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے زبردست پیشرفت کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ موجودہ ترک قیادت نے مسلم دنیا کے مسائل کے خاتمہ میں بھی شاندار قیادت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان شاندار دوستی عالمی مسائل پر باہمی افہام وتفہیم پر مبنی ہے اور ترکیہ کشمیر کے معاملے پر ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک صدر نے غزہ میں رونما ہونے والے حالیہ وحشیانہ واقعات پر جرات مندانہ موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلم دنیا غزہ کے اس دردناک مسئلہ اور مسئلہ کشمیر پر بھی جرات مندانہ موقف اختیار کرے گی۔ صدر ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ دنیا یہ بھول گئی ہے کہ مسلمانوں نے تاریخ میں اناطولیہ اور عندلس میں ہمیشہ تمام مذاہب کے لوگوں کا استقبال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ترکیہ میں میرے بھائی ترک صدر کی جانب سے زبردست پیشرفت ہوئی ہے ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس موقع پر دونوں ممالک کی عوام کے درمیان برادرانہ بندھن کا اظہار کرنا چاہئے جو لازوال ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔