نیویارک(نمائندہ خصوصی)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ اسرائیل کا غزہ سے فلسطینیوں کے انخلا کا حکم خطرناک اور تشویشناک ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ انتہائی مختصر نوٹس پر بڑے پیمانے پر انخلا کے تباہ کن انسانی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، انخلا کا حکم کم از کم 11 لاکھ فلسطینیوں پر لاگو ہو گا۔ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے پہلے ہی اسرائیلی محاصرے اور بمباری کی زد میں ہیں، متاثرہ فلسطینی علاقے ایندھن، بجلی، پانی اور خوراک سے بھی محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ فلسطینی علاقے پہلے ہی اسرائیلی بمباری سے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، مختصر عرصے میں بڑے پیمانے پر انخلا ممکن نہیں ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے اسٹاف ممبر بھی موجود ہیں، ان علاقوں میں 2 لاکھ سے زائد لوگ اقوام متحدہ کے تحت پناہ گاہوں میں رہ رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ لوگوں کو اسکولوں، ہیلتھ سینٹرز اور کلینکس میں بھی رکھا گیا ہے، انخلا کے اسرائیلی حکم کا نفاذ ہزاروں بچوں پر بھی ہو گا، غزہ کی تقریبا آدھی آبادی 18 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔