لاہور (کورٹ رپورٹر) جناح ہاوس حملہ سمیت 3 مقدمات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی ضمانتوں میں 27 جون تک توسیع کر دی گئی۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاس حملے سمیت 3 مقدمات پر سماعت ہوئی، چیئرمین تحریک انصاف عدالت کے روبروپیش نہ ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ رات کو سفر کر کے اسلام آباد سے تاخیر سے لاہور پہنچا، میری عمر 70 سال سے زائد ہے سفر کی تھکاوٹ ہے،
عدالت سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کی گئی۔ بعد ازاں عدالت نے تینوں مقدمات میں ضمانتوں میں 27 جون تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم دے دیا جبکہ آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی سربراہ سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔